اسلام آباد،17 جنوری (اے پی پی): پاکستان نے اپنی سرحدوں کی خلاف ورزی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تہران سے پاکستانی سفیر واپس بلالیا ہے ،ایرانی سفیرسے کہا ہے کہ وہ فی الحال پاکستان آنے کی زحمت نہ کریں،پاکستان نے ایران کی کارروائی کا موثر جواب دینے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
بدھ کو دفترخارجہ میں ایک ہنگامی انتظام کے تحت اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستانی سرحدوں کی بلا اشتعال خلاف ورزی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریحً خلاف ورزی ہے، یہ اقدام مکمل طور پر غیرقانونی ہے اور اس کے لئے جو بھی جواز پیش کیا جائے، وہ ناقابل قبول ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس کارروائی کا موثر جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور پاکستانی ردعمل کے جو بھی نتائج نکلیں گے، اس کی ذمہ داری ایران پر ہوگی۔انہوں نے اپنے مختصر بیان میں یہ بھی کہا کہ پاکستان نے ایران سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے اور پاکستان میں ایران کے سفیر، جو کہ اس وقت اپنے ملک کے دورہ پر ہیں، انہیں پیغام دیا ہے کہ وہ فی الحال پاکستان آنے کی زحمت نہ کریں۔ اس کے علاوہ ایران کے ساتھ آنے والے دنوں میں پہلے سے طے شدہ تمام وفد کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔