لاہور، 19 جنوری(اے پی پی): پنجاب پولیس کے زیر اہتمام فلم فیسٹیول کی جیوری سکریننگ کا سنٹرل پولیس آفس میں انعقاد ہوا جس میں چیئرمین پنجاب فلم سنسر بورڈ توقیر ناصر، نامور فنکار عثمان پیر زادہ اور معروف فلم میکر سید نور نے بطور جج جیوری شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر اور ڈی آئی جی لاجسٹکس اطہر اسماعیل امجد بھی جیوری میں شامل تھے۔
چھ رکنی جیوری ممبران نے فیسٹیول کیلئے منتخب ہونے والی چار مختصر دورانئے کی فلموں کو دیکھا۔ پنجاب پولیس فلم فیسٹیول کیلئے چار پروڈکشن ہاؤسز نے پولیس سے متعلقہ موضوعات پر اپنی فلمیں جمع کروائیں۔ کلمسی سٹوڈیو نے ٹریگر، این سی فلمز نے حلف، بی ایچ ایم فلمز نے ججی اور اوئے رانے سٹوڈیو نے بازی کے عنوان سے فلمیں بنائیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ چاروں فلمیں پولیس فورس کے شب و روز ، ڈیوٹی کے چیلنجز اور حالات زندگی کی عکاسی پر مبنی تھیں۔ جیوری ممبران نے پروڈکشن کے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیتے ہوئے بی ایچ ایم فلمز کی پیش کردہ “ججی” کو بطور بہترین فلم منتخب کیا۔ این سی فلمز کی”حلف” فیسٹیول کی دوسری بہترین فلم قرار پائی۔
ترجمان نے بتایا کہ فیسٹیول کی بہترین فلم”ججی'” کو پنجاب پولیس کی جانب سے 20 لاکھ روپے کا انعام ایک تقریب میں دیا جائے گا۔ جیوری میں شامل فنکاروں کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے بھی ملاقات کی اور فلم فیسٹیول کے انعقاد کو احسن اقدام قرار دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ علم و تحقیق اور فن و ادب کی ترویج میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔











