وفاقی دارالحکومت کے 13 تھانوں کی تزین و آرائش شروع کر دی گئی ہے،نگران وفاقی وزیر داخلہ

51

اسلام آباد،29جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر داخلہ  ڈاکٹر گوہر  اعجاز نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے 13 تھانوں کی تزین و آرائش شروع کر دی گئی ہے، 30 یوم میں یہ  تھانے  سٹیٹ آف آرٹ بن جائیں گے ، عوام کے جان و مال کا تحفظ ، امن  و امان  کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ  پولیس کی شناخت کو بھی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز  کی گئی ہے۔اسلام آباد کے ہسپتالوں کو  مثالی بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، اسلام آباد کے عوام کو وہ سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں گے جس کے وہ مستحق ہیں

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو تھانہ گولڑہ کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ  وزیراعظم  نے مجھے  وزارت داخلہ کی امانت سونپی ہے تو پہلے ہی روز آئی جی پولیس اور  کمشنر اسلام آباد کے ساتھ ملاقات کر کے ان سے مسائل پوچھے ۔پولیس حکام سے پوچھا کہ اپنی فورس کو کیا سہولیات فراہم کی گئیں ہیں  اور کیسے ان کے  حالات بہتر کیے جاسکتے ہیں۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ اسلام آباد کے 26 تھانوں میں سے 13 تھانوں کی حالت ایسی ہے کہ آپکو بطور وزیر داخلہ دورہ بھی نہیں کراسکتا ۔ نگران وزیر داخلہ اس صورتحال پر سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام کو ہدایت دی کہ اسلام آباد کے ان تھانوں کی فوری تزئین  و آرائش کی جائے جس کے بعد آج پیر سے اسلام آباد کے 13 تھانوں میں تزئین   و آرائش کا کام شروع ہوجائے گا ۔

آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصرخان، ڈی آئی جی ، ایس ایس پیز  سمیت دیگر اعلی پولیس افسران ،انجمن تاجران کے نمائندوں و معززین علاقہ بھی تقریب میں موجود تھے ۔