پولیس ویلفیئر دفتر ،ویٹنگ روم اور پولیس تھیم پارک کا افتتاح

56

ساہیوال، 29 جنوری(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر  محبوب رشید اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر  فیصل شہزاد نے ڈی پی او آفس ساہیوال میں پولیس ویلفیئر دفتر ،ویٹنگ روم اور پولیس تھیم پارک کا افتتاح کر دیا ہے،ڈی پی او نے ویٹنگ روم کا افتتاح پھول فروش عامر اوراس کے بچوں سے کروایا۔

تقریب سے آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال نے خطاب  کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس ویلفیئر دفتر کے قیام کا بنیادی مقصد پولیس کے ملازمین اور شہداء کی فیملی کو باآسانی ایک ہی چھت تلے ویلفیئر کی تمام سہولیات فراہم کرنا ہے اور پولیس  ملازمان کی فیملی اور شہداء کی فیملی کی تفریح کے لئے ایک خوبصورت اور جدید سہولیات سے آراستہ پولیس تھیم پارک کا قیام پولیس ملازمین کی فیملی کے لئےبنایا گیا ہے  جہاں پولیس ملازمین اپنی فیملی کے ساتھ ذہنی سکون حاصل کرنے کے لیے آسکتے ہیں،اس پارک میں بچوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ ٹریفک  ایجوکیشن بھی دی گئی ہے۔

آر  پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال  نے سائلین کی سہولت کے لیے بنائے گئے ویٹنگ روم کے بارے میں بتایا کہ ڈی پی او آفس ساہیوال میں آنے والے سائلین کو آرام دہ فرنیچر  اور خوشگوار ماحول مہیا کیا گیا ہے تاکہ سائلین کو پریشانی نہ ہو۔

افتتاعی تقریب میں ساہیوال کی سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔