نوشہرہ وکاں ، 01فروری(اے پی پی ):آٹھ فروری کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی دو سو چھیاسٹھ عام نشستوں اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی پانچ سو ترانوے نشستوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ چکی ہیں اور ملک بھر کی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 81 ، پی پی 69 ، پی پی 68 میں بھی بھرپور جوش و خروش نظر آرہا ہے ۔
عام انتخابات میں این اے 81 گوجرانوالہ نوشہرہ ورکاں میں 526124 ووٹر اپنا رائے دہی کا استعمال کریں گے، اس حلقہ میں میں 1060 پولنگ بوتھ اور 338 پولنگ اسٹیشن قائم ہونگے۔
این اے 81 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار اظہر قیوم ناہرا ، رانا بلال اعجاز ،مرکزی پاکستان مسلم لیگ چوہدری بابر اعجاز ،پاکستان تحریک لبیک سے ذوالفقار علی، جماعت اسلامی کے سردار عبد الرزاق ،پی پی پی سے چوہدری محمد مالک ورک ایڈووکیٹ اور دیگر آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔
پی پی 69 گوجرانوالہ نوشہرہ ورکاں میں 251064 ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کیں گے جن کے لیے 496 پولنگ بوتھ اور 156 پولنگ اسٹیشن قائم ہونگے۔اس حلقہ میں مسلم لیگ ن کے عرفان بشیر گجر ،عمر جاوید ورک ،ڈاکٹر عامر علی حسین،پی پی پی کے ٹکٹ ہولڈر رانا شبیر حیدر مبارک ،پاکستان تحریک لبیک کے حامد ناصر سیویا،جماعت اسلامی کے رانا اظہر جہانگیر اور دیگر 23 آزاد امید وار حصہ لیں گے۔
پی پی 68 گوجرانوالہ نوشہرہ ورکاں میں 216783 ووٹرز انتخابی عمل میں حصہ لیں گے،یہاں پر444 پولنگ بوتھ اور 143 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ اس حلقہ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار وار چوہدری اقبال گجر ،ارقم خان ، پاکستان تحریک لبیک سے چوہدری سیف اللہ ورک، مرکزی پاکستان مسلم لیگ سے چودری بابر اعجاز ، جماعت اسلامی سے چوہدری مبشر حسین ڈھلواور پی پی پی سے محمد اقبال ، رانا عمر نزیر استحکام پاکستان اور دیگر آزاد امیدوار انتخابی عمل میں جائیں گے۔
ریٹرننگ آفیسر این اے 81 محمد نوید حیدر کا کہنا ہے کہ انتخابات 2024 شفاف ترین ہو ں گے اور ووٹرز کو انتہائی ساز گار ماحول میں رائے دہی کا موقع فراہم کیا جائیگا۔
آئندہ عام انتخابات کے لئے تمام سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدوار رائے دہندگان کی حمایت حاصل کرنے کیلئے جلسے کر رہے ہیں جبکہ امیدوار ووٹرز کے ساتھ رابطوں کیلئے کارنر میٹنگز بھی کر رہے ہیں۔
عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کو بھی فول پروف بنانے کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے متحرک ہو چکے ہیں اور الیکشن کمیشن کی جانب سے شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات جاری ہیں ۔