خانیوال،3 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر وسیم حامد سندھو کی صدارت میں ریٹرنگ افسران کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سردار مظفر،ڈی پی او رانا عمر فاروق کے علاوہ ضلعی انتظامیہ صحت،پولیس،ٹرانسپورٹ اتھارٹی،سول ڈیفنس،ریسکیو1122 کے افسران بھی اجلاس میں موجودتھے ۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی ریٹرننگ افسران کو انتخابی نتائج کی حتمی تیاری بارے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکموں کو پیشگی انتظامات کی ہدایت کی گئی اس کے علاوہ ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل سٹاف کی چھٹیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی میٹریل کی ترسیل اور سیکورٹی اقدامات جاری ہیں، وسیم حامد سندھو کے مطابق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی روکنے کیلئے انتخابی مہم کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران میرٹ پر امیدواروں کو انتخابی ماحول فراہم کریں۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،انتخابی سامان کی ترسیل،سکیورٹی و ٹرانسپورٹیشن پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ۔ووٹرز لسٹوں کے مطابق شہریوں و امیدواروں کیلئے پولنگ سٹیشنز مختص کر دیئے گئے ہیں،الیکشنز ٹریننگ مکمل،ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین سے سختی کیساتھ نمٹا جائے گا۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائیگی۔
ڈی پی او نے کہا کہ کنٹرول روم سے پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ جاری رہے گی ، الیکشن ڈیوٹی میں لاءاینڈ آرڈر کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے ۔











