کراچی،03 فروری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر خزانہ، محصولات اور اقتصادی امور ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ملک میں معیشت کی تبدیلی کا عمل جاری ہے، معیشت کے ہر شعبے میں ڈھانچہ جاتی تبدیلی میں کچھ وقت لگتا ہے اور وہ اس سلسلے میں ہر ممکن کوششیں کر رہی ہیں۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے اراکین فیڈریشن بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ کے ہمراہ ایف پی سی سی آئی کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کی بہتری کے لئے نگراں وفاقی حکومت کی قیادت پرعزم ہے۔
ڈاکٹر شمشاد نے کہا کہ نگراں حکومت نے کرنسی کی اسمگلنگ پر قابو پانے اور سرکاری اوراوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت کے فرق کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں شروع کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے ملک کی بہتری کے لیے بہت سے اچھے کام کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارہ دسمبر 2023 میں 3.6 فیصد کم ہو کر 1.3 بلین ڈالر رہ گیا جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 1.9 بلین ڈالر تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگراں حکومت کی کوششوں سے برآمدی صلاحیت اور برآمدی منڈی میں وسعت لائے۔
نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز بہت بڑے ہیں لیکن حکومت نے ان پر قابو پانے کے لیے فعال اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کریڈٹ گارنٹی کمپنی، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز(ایس ایم ایز)کے لیے بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کو اپنے پائوں پر کھڑا ہونا ہے اور سبسڈی پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ان کا خیال تھا کہ سبسڈی کو ملک کی ترقی اور تعلیم، صحت، خواتین کو بااختیار بنانے اور دیگر فلاحی شعبوں کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
ڈاکٹر شمشاد نے ایف پی سی سی آئی کے اراکین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بینکوں کے دروازے کھٹکھٹانے کی بجائے قرض کے مقصد کے لیے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)سے رابطہ کریں۔انہوں نے کہا کہ دسمبر 2023 میں پاکستان سٹاک ایکسچینج کی کارکردگی مثبت رہی اور یہ ایک نئے ادارے کے طور پر ابھرا۔انہوں نے مزید کہا کہ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس29 دسمبر 2023 تک 1,924پوائنٹس کے اضافے سے 62,451پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ پی ایس ایکس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی اضافہ ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیڈرل بیورو آف ریونیو(ایف بی آر)کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اس میں نمایاں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کی اقتصادی ترقی کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ نے ایف پی سی سی آئی کے ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایف بی آر میں اصلاحات پر سخت محنت کر رہے ہیں اور وہ ان پر عملدرآمد کے قریب ہیں۔قبل ازیں ایف پی سی سی آئی کے صدر عارف اکرام شیخ نے نگراں حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور تاجر برادری کی سہولت کے لیے مالیاتی بجٹ بناتے ہوئے ایف پی سی سی آئی سے مشاورت کرنے کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں انہوں نے نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔











