قصور، 04 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر قصورتنویر احمد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق ملک بھر کی طرح ضلع قصور میں بھی4قومی اور10صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر عام انتخابات 2024ء کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اورہم نے سامان کی ترسیل کردی ہے،پریزائیڈنگ ریٹرننگ آفیسرزاورعملہ کی ڈیوٹیاں لگ چکی ہیں،7فروری کو پریزائیڈنگ آفیسرزکو سامان دینگے اور انشاء اللہ 8فروری کو ضلع قصورمیں امن وامان کے ساتھ الیکشن کاانعقادکروائیں گے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے پی پی سے گفتگو میں کیا۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ضلع قصورکی 40لاکھ سے زائدآبادی ہے جن میں خواتین ومردوں کے ٹوٹل رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد 22لاکھ 46ہزار713ہے جو8فروری کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کوڈ آف کنڈیکٹ ایشوزکے حوالے سے ہمارے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرزنے کافی کام کیاہے،کچھ کوجرمانے بھی کئے ہیں اور کچھ کو وارننگ بھی دی گئی ہیں، اس حوالے سے ہم بھی اس کو مانیٹرکررہے ہیں اوراسلام آبادمیں بھی مانیٹر کیاجارہاہے،ضلع قصورمیں الیکشن کے حوالے سے کافی اچھا ماحول ہے،5فروری تک الیکشن کمپین جاری رہے گی اسکے بعد الیکشن کمپین بند ہوجائے گی۔
انہوں نے مزیدکہا کہ عام انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمدکروایاجائے گا اوراس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔











