نوشہرو فیروز،05 فروری (اے پی پی): پورے ملک کی طرح نوشہروفیروز میں بھی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعجاز علی ہالیپوٹوکی زیر قیادت ڈپٹی کمشنر آفیس سے ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء کے ہاتھوں میں بینرز اور پلےکارڈ موجود تھے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اعجاز علی ہالیپوٹو نے کہا کہ آج پورے ملک میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے اس دن منانے کا مقصد ہمارے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی فوج کی جانب سے ہونے والے مظالم کی مذمت کرنا ہے۔پوری پاکستانی قومی اپنے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور کوئی بھی ملک اپنی شہ رگ کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا اس لئے کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد جلد رنگ لائے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کو اپنا حق آزادی کی صورت میں ملے گا۔
اس موقع پر ضلع کے تمام سرکاری محکموں کے افسران، ملازمین، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔