پشاور؛ یوم اظہار یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ تا گورنر ہاؤس ریلی کا انعقاد

13

پشاور،5 فروری(اے پی پی): یوم اظہار یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ تا گورنر ہاؤس ریلی کا انعقاد ہوا جسکی قیادت گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور نگران وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز شاہ جمال کاکا خیل نے کی، جبکہ نگران کابینہ اراکین ،سرکاری حکام،سول سوسائٹی اراکین اور طلبہ کی کثیر تعداد نے بھی ریلی میں شرکت کی ۔

ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی ظلم و جبر کی مذمت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخواہ حاجی غلام علی نے یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو عزت، آزادی و خودمختاری سے جینے کا حق دیا جائے، کیونکہ بھارت نے گزشتہ 76 سال سے جموں کشمیر پر ناجائز قبضہ کر کے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ کھڑے کئے ہوئے ہیں.

گورنر حاجی غلام علی نے بھارت کیجانب سے کیے جانیوالے مظالم کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں کو شہید کر دیاگیا،لاکھوں بچے یتیم ہو گئے اور ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی گئی، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہر دن بڑھتے ہوئے مظالم و بربریت نہ صرف اس خطہ بلکہ پوری دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔

 گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے مستقل حل اور بھارتی مظالم بند کروانے کیلئے سنجیدہ کردار ادا کرے، ہم بھی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔