پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے؛وزیراعلیٰ پنجاب

22

لاہور،6فروری(اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے،الیکشن کے دن انٹر نیٹ سروس اورموبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی ،کسی جگہ بھی انٹرنیٹ و موبائل سروس بند نہیں ہو گی۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   منگل کو یہاں  وزیراعلیٰ آفس میں صوبے میں الیکشن انتظامات کے سلسلے میں خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  ہدایت کی کہ 9 فروری صبح فجر کے بعد فوری طور پر شہروں کی صفائی شروع کر دی جائے اور9 فروری کو تمام علاقوں سے بینرز اورپوسٹرز ہٹا ئے جائیں۔متعلقہ سیکرٹریز بینرز،پوسٹرز ہٹانے کے عمل کی نگرانی کریں اور9 فروری کی شام کو تمام علاقوں کو کلیئر کرنے کے بعد رپورٹ دی جائے۔9 فروری کی صبح سے کام شروع کر دیا جائے،تمام شہرصاف ستھرے چاہئیں۔چیف سیکرٹری،آئی جی اور صوبائی الیکشن کمشنر سے رابطہ رکھا جائے۔ضلعی انتظامی افسران شفاف الیکشن کیلئے فیلڈ میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولنگ سیٹشنز پر 32 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں،کیمروں کی تنصیب کے کام  کو آج رات12بجے تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔انہوں  نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سی سی ٹی وی کیمرے خرید کر 1 ارب روپے کی بچت کی ہے جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات اور نفری،ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہئیں اورالیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کنٹرول رومز کو فعال کیا جائے اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کرکے ازالے کا موثر میکانزم بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے،آپ سب نے ایک ٹیم کے طور پر یہ ذمہ داری ادا کرنی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس،صوبائی الیکشن کمشنر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ،ٹرانسپورٹ، خزانہ،سی سی پی او، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنراور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز،آر پی اوز،ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس نے پنجاب بھر میں پولنگ ڈے پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔تمام ڈویژنل کمشنرز نے وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو پولنگ ڈے پر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔