پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا؛ ترجمان دفتر خارجہ

11

اسلام آباد،15فروری  (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت کے غیر قانونی  زیر تسلط جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو روکنے کے لیے بھارت کی مہم زوروں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 فروری کو بھارت کی  قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے مختلف شہروں میں جماعت اسلامی کشمیر کی 15 جائیدادوں پر متعدد چھاپے مارے، یہ چھاپے کشمیری سیاسی تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈائون کا حصہ تھے۔

ترجمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ان چھ سیاسی تنظیموں میں سے ایک ہے جن پر بھارت نے پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حکام پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیری سیاسی کارکنوں اور جماعتوں کو ڈرانے دھمکانے اور ظلم و ستم کا سلسلہ بند کریں۔

 ترجمان نے پاکستان کے اس مطالبہ کو دہرایا کہ تمام کشمیری سیاسی قیدیوں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کو اپنے حقوق اور آزادی کے قابل بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔