نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ملک کی خوشحالی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

10

اسلام آباد،15فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ملک کی خوشحالی کے لیے ان کے اختراعی خیالات سے مستفید ہونے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

 صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) کے زیر اہتمام اسپائر پاکستان کے تعاون سے نیشنل آئیڈیا بینک (این آئی بی)کے تیسرے ایڈیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ماہرین تعلیم اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں، شاندار ذہن اور روشن خیالات کے مالک ہیں تاہم انہیں اپنے خیالات کو مسابقتی اور معیاری مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے ایک مناسب پلیٹ فارم کی ضرورت ہے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ اور درآمدات کو کم کیا جاسکے۔

 صدر نے اختراعی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے زبردست حامی ہیں۔ انہوں نے سماجی اور اقتصادی ترقی کے لیے نیشنل آئیڈیا بینک جیسے فورمز کے ذریعے ٹیلنٹ ہنٹنگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے این آئی بی کے کردار کو سراہا جو ملک کے روشن اور خوشحال مستقبل میں تبدیلی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

 صدر مملکت نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے جدید اور تکنیکی حل کو بروقت اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوانٹرنیٹ ووٹنگ کے ذریعے ووٹ کا حق دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے انتخابی عمل میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال کی وکالت کرتے رہے ہیں۔

 صدر ڈاکٹر عارف علوی نے نظام پر اشرافیہ کی گرفت پر تشویش کا اظہار کیا جس نے صرف اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ کیا اور وہ اہم سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے میں ناکام رہا۔ صدر مملکت نے اس ضمن میں 26 ملین سے زائد سکول نہ جانے والے بچوں کی تعلیم کا خاص طور پر ذکر کیا جنہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غذائی قلت اور سٹنٹنگ کے ساتھ ساتھ نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات جیسے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

صدر مملکت نے ذاتی مفادات پر مبنی موجودہ عالمی نظام کو تنقید کا نشانہ بنایا جو غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔ چیئرپرسن اسپائر حسن سید نے شرکاءکو نیشنل آئیڈیا بینک کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور تعاون کو فروغ دینے کے پلیٹ فارم کے طور پر بہترین ذہنی صلاحیت، کاروباری اور صاحب بصیرت افراد کو اکٹھا کرکے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل کے لیے اہم خیالات اور اقدامات کو تلاش کرسکتا ہے۔

ریکٹر نیوٹیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز نے کہا کہ این آئی بی نوجوانوں کو اپنے اختراعی آئیڈیاز کو کامیاب مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تربیت اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے یونیورسٹیوں، مارکیٹوں، کاروباروں اور مقامی صنعتوں کا تعاون ضروری ہے۔

 پراجیکٹ ڈائریکٹر شہزانہ میمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل آئیڈیا بینک نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 6 ہزار سے زائد کاروباری آئیڈیاز کو فروغ دیا ہے اور اس کے نتیجے میں 40 سے زائد مقامی سٹارٹ اپس قائم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل آئیڈیا بینک کے تیسرے سیزن میں تقریباً 2400 آئیڈیاز موصول ہوئے جن میں سے 67 آئیڈیاز کو قومی سطح کے فاتح کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے تقریب میں صدر مملکت نے این آئی بی سیزن تھری کے فائنل میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو شیلڈز سے بھی نوازا۔