اوکاڑہ؛پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ایٹ سیف کڈز مہم کے تحت  سیمینار کا انعقاد

45

اوکاڑہ، 04مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی  کی جانب سے ایٹ سیف کڈز مہم کے تحت بچوں کیلئے صحت مند کھانے کی عادات اور غذائیت سے متعلق آگاہی کے حوالے سے خصوصی سیمینار گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول اوکاڑہ میں منعقد ہوا۔ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عبدالعظیم نے اِیٹ سیف کڈز پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عبدالعظیم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار کا بنیادی مقصد بچوں کی بہتر نشوونما کیلئے اچھی خوراک کے انتخاب بارے آگاہی فراہم کرنا ہے،صحت مند بچے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہاکہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صحت بخش غذا کے استعمال سے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے بچوں کی بہتر نشوونما کیلئے ایٹ سیف کڈز مہم اہم سنگ میل کے طور پر ثابت ہوگی۔

سیمینار میں غذائی ماہرین کی جانب سے حفظان صحت کے اہم نکات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان میں غذائیت کے چیلنجز،ایک پائیدارصحت مندغذا کا حصول،صحت مند غذا کے فوائد،غیر صحت بخش خوراک کے انتخاب تعلیمی سرگرمیوں کو کیسے متاثر کرتی ہیں،صحت مندلنچ باکس کا رجحان اور کھانے کی عادات میں تبدیلیوں کے حوالے سے بچوں کو آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر مانیٹرنگ غلام فرید نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مشکور ہیں انہوں نے بچوں کے روشن مستقبل کیلیے منفرد منصوبے کا آغاز کیا۔

سی ای او ایجوکیشن  وزیر علی اگاہ نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مل کر بچوں کی صحت کیلئے تمام تر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

تمام مہمانوں، والدین اور اساتذہ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاوشوں کی تعریف کی اور خوب سراہا۔