اسلام آباد،12 مارچ(اے پی پی):رمضان المبارک کے حوالے سے شہر اقتدار میں تین سستے رمضان بازار قائم کر دئیے گئے ہیں، رمضان بازار ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جی سکس، ایچ نائن اور آئی نائن میں قائم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے جی سکس سستے رمضان بازار کا دورہ کیا۔انہوں نے مختلف سٹالز پر ریٹ لسٹ اور اشیاء کے معیار کا معائنہ کیا اور شہریوں سے اشیاء کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ شہر بھر میں تین سستے رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں، سستے رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء خوردونوش سستے داموں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری ریٹ لسٹ سے ہٹ کر اشیاء خوردونوش کی قیمتیں ادا نہ کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منافع خوری کے مرتکب دکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 22 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مختلف مارکیٹوں میں بھی انسپکشنز کر رہے ہیں۔











