پاکستان کے فٹبال ٹیم میں اپ سیٹ کی صلاحیت موجود ہے ، اُردن کیخلاف بہتر کھیل پیش کیا جائے گا؛ ہیڈ کوچ سٹیفن کنسٹینٹائین

33

اسلام آباد،20 مارچ (اے  پی پی ):پاکستان فٹبال ٹیم  کے ہیڈ کوچ سٹیفن کنسٹینٹائین نے  کہا ہے  کہ اُردن کی  فٹبال ٹیم  بلا شُبہ پاکستان سے ایک مضبوط اور بہتر ٹیم ہے لیکن ہماری کھلاڑیوں میں اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے، گراؤنڈ میں جیت اسی کی ہوتی  ہے جو بہتر کھیل پیش کرسکے۔

 بدھ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ سٹیفن کنسٹینٹائین نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ ایشین کپ ہے  جس کے لیے ہمیں مقابلے چاہیے  تاکہ کھلاڑیوں کو تجربہ حاصل ہو اور آگے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ یہ ٹیم ایشیاء میں ٹاپ ٹین بنے جو کہ پروفیشنل لیگ کے بغیر ممکن نہیں۔  ایشیاء کی 6 یا 7 ٹیمیں ورلڈ کپ میں شرکت کرتی ہیں اور اس کی بڑی وجہ ان ٹیموں کا لیگ فٹ بال کھیلنا ہے۔

واضح  رہے کہ  فیفا کوالیفائیرز کا  راؤنڈ 2 کا پاکستان اور اُردن  کے درمیان میچ کل جمعرات کو  پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائیگا۔آج اُردن  کی ٹیم اور پاکستان کے کھلاڑیوں نے سپورٹس کمپلیکس میں بھرپور پریکٹس کی۔