لاہور،21مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت وتجارت چوہدری شافع حسین نے جمعرات کو پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دفتر کا دورہ کیا ، ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سدرہ یونس نے صوبائی وزیر کو ادارے کی ورکنگ اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں پنجاب روزگار سکیم پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کو نئی صنعتیں لگانے کے حوالے سے بہترین سہولیات دی جارہی ہیں، انڈسٹریل اسٹیٹس میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت ایک لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک کے آسان قرضے دیئے جارہے ہیں،پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی سکیموں سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ معیشت کے فروغ میں ایس ایم ای سیکٹر کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں زرعی اراضی پر کسی بھی قسم کی انڈسٹری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے اس حوالے سے باقاعدہ پالیسی بنانے اور پیسک ہائوس بروقت مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر کا بھی دورہ کیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 5محکموں کے افسران کو تعریفی سر ٹیفکیٹ سے نوازا۔صوبائی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 29محکموں کے افسران ایک ہی چھت تلے سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ 6 مختلف شہروں میں بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹرز کاروباری افراد کو سہولت فراہم کر رہے ہیں، نئے کارخانے لگانے کیلئے این او سی کا اجرا تیزی سے ہورہا ہے، سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تجارتی سہولیاتی مراکز کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔صوبائی وزیر سے پیسک کے عہدیداروں اور ورکرز نے بھی ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیرنے مکمل تعاون اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
سیکریٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ، ایم ڈی پیسک سدرہ یونس،سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال،سی ای او پی بی آئی ٹی جلال حسن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔