سیالکوٹ؛کشمیر روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 15 افراد گرفتار،درجنوں تجاوزات مسمار

19

سیالکوٹ،21مارچ (اے پی پی):ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد اقبال سنگھیڑا کی زیر سر براہی کشمیر روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 15 افراد گرفتار،درجنوں تجاوزات مسمار جبکہ 7 شو رومز، دکانیں اور ریسٹورنٹ سربمہر کردیں۔ ایڈمنسٹریٹر کی نگرانی میں تجاوزات کا خلاف کارروائی 4 گھنٹے جاری رہی جس میں میونسپل کارپوریشن کے عملہ تہہ بازاری، ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس کے علاوہ ہیوی مشینری نے حصہ لیا۔

ایڈمنسٹریٹر محمد اقبال نے کہا کہ متعدد بار خبردار کرنے اور از خود تجاوزات گرانے اور ہٹانے کی اپیل کی تھی اوراب  ڈیڈ لائن کے خاتمہ پر انتظامیہ نے پوری طاقت سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرننس پالیسی اپنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار فٹ پاتھ اور سڑکوں پر کاروبار ی سرگرمیوں کو فوری طور پر معطل کریں اور اپنی حدود سے تجاوز سے گریز کریں بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور عارضی و مستقل  تجاوزات کو ہر صورت گرایا جائے گا۔