لاہور،22مارچ (اے پی پی):وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سپورٹس ایڈوائزری کونسل بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سابق کھلاڑی اور طلبہ ممبر ہونگے۔وزیر اعلی نے پنجاب سپورٹس بورڈ کی تشکیل نو کا فیصلہ بھی کیا اور کھیلوں کے فروغ، ٹریننگ کے لئے ملکی وغیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں 91 حلقوں میں ملٹی پرپز سپورٹس گرائونڈز بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں پلاننگ اور دیگر ڈویلپمنٹ امور کے لئے سپیشل پلاننگ یونٹ بنے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گھوسٹ ملازمین کی شناخت کیلئے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ میں بائیو میٹرک حاضری کی پابندی کو یقین بنایا جائے گا۔
وزیر اعلی نے وزیر کھیل اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی کاوشوں کو سراہا اورکہا کہ کھیلوں سے بہت لگائو ہے، زمانہ طالب علمی میں بیس بال ٹیم کی کپتان تھی، کھیلوں کی بحالی چاہتی ہوں اور بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے پاس مواقع کی کمی اور وہ نشہ کی طرف راغب ہورہے ہیں، نوجوان طبقے کے لئے کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو فوری طور بحال کیا جائے،ہاکی مقابلے کروائے جائیں جو کہ ہمارا قومی کھیل ہے۔
اجلاس میں انسٹیٹیوٹ آف سپورٹس سائنسز پنجاب کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔مریم نواز شریف نے باسکٹ بال کو ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ 2 ارب روپے سے قائم کیے گئے فنڈ کیلئے مزید 2 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلی پنجاب نے سپورٹس سہولیات کی حفاظت کیلئے مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سپورٹس کی ترقی کیلئے جتنے پیسے چاہیے ملیں گے۔
صوبائی مشیر پرویز رشید نے کہا کہ پرائیویٹ سکولوں کے پاس جگہ کم تھی، گرائونڈ نہ ہونے سے سکولوں سے کھیل ختم ہو گئے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یو سی لیول پر بچوں کو کھیلوں کی سہولت ملنی چاہئے۔
سیکرٹری سپورٹس نے محکمہ کی ورکنگ سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی ری ویمپنگ مکمل اور جلد افتتاح ہوگا، موسم گرما کی چھٹیوں میں بچوں کیلئے سپورٹس کیمپس لگائے جائیں گے۔
سابق سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیراطلاعات عظمی زاہد بخاری، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، ایم پی اے ثانیہ عاشق، سیکرٹری سپورٹس اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











