سیالکوٹ، 27 مارچ (اے پی پی) :ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ نوجوان ہی پاکستان کا اصل اثاثہ ہیں اور قوم کا مستقبل ہیں، معیاری تعلیم و تحقیق کے بغیر یہ درپیش مسائل اور چیلنجز کا مقابلہ نہیں کرسکتے اس لئے تمام اسٹوڈننس پر لازم ہے کہ بغیر وقت ضائع کئے جس بھی مضمون میں تعلیم حاصل کررہے ہیں وہ اس میں کمانڈ حاصل کریں اور اپنا اور ملک کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔
یہ بات انہوں نے گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں یوم پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرنسپل محمد نواز، پروفیسر نصیر غازی، پروفیسر مہر الیاس، پروفیسر ندیم اسلام ،پروفیسر شمس وزیر اور ڈی ڈی کالجز کے علاوہ طلبہ و طالبات اور اساتذہ بھی سیمینار میں شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ وطن عزیز اس وقت اندرونی اور بیرونی کئی ایک چیلنجز کا سامنا ہے جس میں ایک ملک میں جنگلات کی مخدوش صورتحال بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کیلئے اور ماحول کو انسان دوست بنانے کیلئے اپنے حصہ کا ایک درخت ضرور اگائیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی شجر کاری مہم “پاکستان کیلئے درخت لگائیں” کو کامیاب بنانے میں اپنا مرکزی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ درخت قدرت کا انمول عطیہ ہیں اور ان کو لگانا صدقہ جاریہ ہے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے کالج کے طلبہ و طالبات نے ٹیبلوز پیش کئے اور اردو اور انگلش میں قرار داد پاکستان پر اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کیا۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے مرے کالج کے سبزہ زار میں اپنے ہاتھوں سے پودا بھی لگایا اور اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے مرے کالج اقبال گیلری اور لائبریری کا بھی دورہ کیا۔