اسٹرابری کی کاشت میں کسانوں کا بڑھتا رجحان

0

حافظ آباد،27 مارچ(اے پی پی): اسٹرابری کی کاشت میں کسانوں کا بڑھتا رجحان اس کا ثبوت ہے کہ سٹرابری اب لوگوں کا پسندیدہ پھلوں میں شامل ہے، کسان اسٹرابری کی فصل کو ٹنل فارمنگ میں کاشت کررہے ہیں جس سے اس کی پیداوار بڑھ جاتی ہے اور اس کا پودا موسمی اثرات سے بھی محفوظ رہتا ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ضلع حافظ آباد بھر میں اسٹرابری کی فصل تیار ہو چکی ہے اور ضلع بھر میں کاشتکاروں نے اسٹرابری کو وسیع رقبہ پر کاشت کررکھا ہے لیکن اسٹرابری کی کاشت کرنے والے کسانوں کا یہ کہنا ہے کہ اسٹرابری کی کاشت سے لے کر پھل چننے تک انتہائی محنت طلب کام ہے بلا شبہ چند سال قبل یہ ایک منافع بخش پھل تھا مگر بجلی، کھادوں اور ادویات کی آئے روز بڑھتی قیمتیں اخراجات میں اضافہ، منافع میں بڑی حد تک کمی کا باعث بن رہا ہے اور اس پھل میں برداشت بھی بہت کم ہے جس سے بہت جلدی خراب ہو جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق اسٹرابری پھل اپنے اندر انسانی صحت کے لیے بے پناہ فوائد رکھتا ہے، یہ کینسر، بلڈپریشر، امراض جلد اور امراض چشم کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرنے میں لاثانی ہے۔