ملتان؛ پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے ریکروٹ بیچ نمبر64کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

25

ملتان،04 اپریل(اے پی پی): پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں پنجاب پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے ریکروٹ کلاس کورس بیچ نمبر 64 کے 682 کانسٹیبلان کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا جمعرات  کوانعقاد کیا گیا۔ جس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب  محمد کامران خان  نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،پولیس کے چاک و چوبند دستو ں نے بہترین مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی ۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ساؤتھ پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پاس آوٹ ہونے والے جوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں جو آئندہ  فراہمی انصاف کے نظام میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔   انہوں  نے کہاکہ پولیس کی ملازمت مسلسل محنت اور انتھک جدو جہد کا تقاضا کرتی ہے۔ محکمہ پولیس میں کانسٹیبل ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔محکمہ پولیس میں پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی سرانجام دہی میں کانسٹیبل کے عہدہ کا اہم کردار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  ہمیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق چلنا ہوگا اور ہمیں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی بہتری کی طرف لے کر جانا ہوگا۔ پاس آوٹ ہونے والے جوان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اور انہیں بہترین ماحول میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے اور یقیناً یہ آئندہ  فراہمی انصاف کے نظام میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔  اس موقع پر انہوں نے پولیس شہدا ء کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنے ماتھے پر ہزاروں شہادتوں کا اعزاز سجائے جرائم کے خلاف سینہ سپر ہے۔

مہمان خصوصی نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والا ریکروٹ کانسٹیبلان میں انعامات تقسیم کیے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں کانسٹیبل یاسر اعجاز آمدہ ضلع ڈیرہ غازی خان کو کورس میں”  آل راؤنڈ فرسٹ  “اور “فرسٹ ان اکیڈمک “آنے پر سرٹیفکیٹ کلاس ون اور نقد انعام جبکہ کانسٹیبل پی ایچ پی طاہر عثمان آمدہ ضلع پاک پتن کو کورس کے دوران ” آل راؤنڈ سیکنڈ ” پوزیشن حاصل کرنے  پربھی  سرٹیفکیٹ  اور نقد انعام،  کانسٹیبل توصیف اکرم  آمدہ ضلع بہاول نگر کو کورس میں” فرسٹ ان پریڈ” آنے پر سرٹیفکیٹ  اور نقد انعام اور کانسٹیبل پی ایچ پی شہزاد اسحاق آمدہ ضلع شیخو پورہ  کو کورس کے دوران “فرسٹ ان فائر” آنے پر  سرٹیفکیٹ  اور نقد انعام دیا گیا  ۔

پاس آؤٹ ہونے والے 682 کانسٹیبلان کا تعلق پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے۔ کورس کا کل عرصہ 9ماہ پر محیط تھا۔ جوانوں کو دوران ٹریننگ   بنیادی قوانین کی آگاہی کے علاوہ  مارشل آرٹ،فائرنگ، ویپن ہنڈلنگ،ڈیفنس ٹیکٹس اور کمپیوٹر کی تربیت بین الاقوامی معیار کے ٹریننگ Modulesکے مطابق کروائی گئی ہے۔