پشاور، 4 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر محنت فضل شکور خان نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں خدمت کیلئے منتخب کیا ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائینگے، کہ ہر ایک کو اس کا حق دیا جائے۔ ہم عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ورکرز ویلفیئر بورڈ افسران سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر محنت نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کو بہت جلد تشکیل دیکر اسے ذمہ دار افراد کا بورڈ کے اراکین مقرر کیا جائیگا۔ ایسے بورڈ کے اراکین لینگے جو مزدوروں کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لیتے ہوں اور انکی فلاح و بہبود میں بھی سنجیدہ ہوں۔
ملاقات میں صوبائی وزیر نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے زیرانتظام چلنے والے تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ پر زور دیا اور ویلفیئر بورڈ کے مختلف امور سمیت سکول بچوں کی سکالرشپس اور انھیں دی جانے والی دیگر سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں میرج گرانٹ اور لیبر کالونیوں پر بھی سیر حاصل بحث ہوئی ۔
ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے کہا کہ عنقریب مشاورت کے بعد ورکرز ویلفیئر بورڈ کو تشکیل دیکر ذمہ دار افراد کو اراکین مقرر کیا جائیگا۔