پشاور،05 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت، ثقافت و آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پرسیاحوں کیلئے تخت بھائی سفاری ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، سیاحوں کو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کی سیر کرائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورازم اتھارٹی کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت، ثقافت اور آثارقدیمہ محمد بختیار، ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت، منیجر ایونٹس حسینہ شوکت اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے پر مسرت موقع پر کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام ہفتہ 13 اپریل کو دوسری بار پشاور سے صوبہ کے تاریخی آثارقدیمہ تخت بھائی کے مقام تک سفاری ٹرین چلائی جا رہی ہے جس میں فیملیز کو پشاور صدر ریلوے سٹیشن سے لے جایا جائے گا اور راستے میں مختلف تاریخی مقامات کی سیر کرائی جائے گی جن میں سٹی ریلوے سٹیشن، ناصر پور، پبی، نوشہرہ، رسالپور اور مردان شامل ہیں۔
زاہد چن زیب نے کہا کہ مستقبل میں ہماری کوشش ہے کہ سیاحوں کی سیر و تفریح کیلئے گاہے بگاہے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کرتے رہیں جبکہ ٹرین سفاری بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یونیسکو کے اس عالمی ثقافتی ورثہ تخت بھائی کے آثارقدیمہ کے مقام پر شرکاء کو مختلف تاریخی مقامات بالخصوص تخت بھائی میں قدیم بدھ خانقاہوں کی سیر بھی کرائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عیدالفطر پر جہاں سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس کے نوجوان سیاحوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہم کیلئے خدمات سرانجام دینگے وہیں سیاحوں کیلئے سیر و تفریح کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ ٹور کے دوران شرکاء کو پہلی صدی عیسوی کی بدھ تہذیب کے آثارسے روشناس کرایا جائے گا۔ریلوے سٹیشن آمد کے موقع پر شرکاء کو روایتی بینڈ کی دھنوں سے خوش آمدید کہا جائے گا جبکہ دوران سفر ماہر آثارقدیمہ اور گائیڈ تخت بھائی کی تاریخ اور فن تعمیر کے بارے میں قیمتی معلومات فراہم کریں گے۔
مشیر برائے سیاحت، ثقافت و آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے کہا کہ تخت بھائی کے کھنڈرات کو یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا ہے جس میں دنیا بھر سے لاکھوں ملکی و غیر ملکی سیاح، بدھ مت کے پیروکار، مورخین اور آثارقدیمہ کے ماہرین یہاں کا دورہ کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ مقام بدھ مت کے پیروکاروں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔