ملتان،9اپریل(اے پی پی): ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ملتان میں بھی عید الفطر کی آمد کے حوالے سے تیاریاں زور وشور سے جاری و ساری ہیں ، عید الفطر کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لئے مرد انہ و زنانہ نئے و رنگا رنگ ملبوسات ‘ مختلف اقسام کے خوبصورت جوتے تو لازم و ملزوم ہیں اس کے علاوہ نوجوان لڑکیوں ، بچیوں اوردیگر خواتین میں رواں فیشن کے مطابق جیولری کی مختلف قسم کی اشیاءاور رنگا رنگ چوڑیاں بھی خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔ کپڑوں کی مناسبت سے چوڑیوں کے انتخاب کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے اس ضمن میں بڑی عمر کی خواتین ، نوجوان اور حتیٰ کے کمسن لڑکیاں بھی اس امر کو اہمیت دیتی ہیں کہ کپڑوں سے چوڑیاں کی میچنگ ہو۔
خواتین میں میٹھی عید کی خوشیاں تو چوڑیوں کے بغیر نامکمل سمجھی جاتی ہیں ،عید سے قبل ہی بازاروں میں کپڑوں ویگر فیشن سے متعلق سٹالز لگ جاتے ہیں، جن پر بڑی تعداد میں نوجوان لڑکیوں ،خواتین ،بچیوں کی تعداد دکھائی دیتی ہے۔