لاہور، 13 اپریل( اے پی پی ):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے اچانک گورنمنٹ سمن آباد ہسپتال کا دورہ کیا۔
سی ای او پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر عاصم الطاف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر عفرین، دیگر عملہ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کو ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات مزید بہتر کرنے کے لئے دورے کئے جارہے ہیں۔
خواجہ عمران نذیر ایمرجنسی، میڈیکل، گائنی، وارڈز بھی گئے، مریضوں سے طبی سہولیات کا کے بارے دریافت کیا اور سٹیٹ آف دی آرٹ پیراپلیجک سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ مریضوں کو ادویات نہ ملنے کی شکایات پر صوبائی وزیر صحت نے فوری نوٹس لیا۔ خواجہ عمران نذیر نے ادویات، ٹیسٹ کی سہولت مفت نہ فراہم کرنے پر ڈاکٹر عاصم کو انکوائری کی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں ہسپتالوں میں موجود ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ تمام ہسپتالوں کی 24 گھنٹے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سرویلنس کی جارہی ہے۔