اسلام آباد،17 اپریل(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بدھ کے روز وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات ہوئی جس میں صوبہ بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ صوبہ بلوچستان سے انکے صوبے میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور انہیں بتایا کہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی اور اس سلسلے میں دانش اسکول کا دائرہ کار بلوچستان تک بڑھایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بلوچستان کی باصلاحیت افرادی قوت کو یکساں ترقی اور روزگار کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ صوبہ ترقی کرے۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) جعفر خان مندوخیل بھی موجود تھے۔











