لاہور، 17اپریل(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی اور عوامی مسائل ، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا۔ ارکان اسمبلی نے مختصر وقت میں متعدد عوام دوست پراجیکٹس شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ارکان اسمبلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کررہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت دی کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقے میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ 100 فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔ صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر ومرمت ہوگی اور 5 ایکسپریس وے اور 3موٹر ویز بنائیں گے۔ مریم نوازشریف نے بتایا کہ طلباء کیلئے 20 ہزار موٹر بائیکس کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی زاہد اکرم، محمد اجمل خان،محمد کاشف، آغا علی حیدر شامل تھے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، معاون خصوصی ذیشان ملک، بھی موجود اس موقع پر موجود تھے۔











