سکھر۔20اپریل(اے پی پی)بیراج کے دورے کے بعد وزیر آبپاشی جام خان شورو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشینری سسٹم لگنے سے سکھر بیراج کی ایک گیٹ سے 80 ٹن وزن کم ہوجائے گا، ہم 56 گیٹس پر مشینری سسٹم لگانے جارہے ہیں، سکھر بیراج کے گیٹس ری پلیس ہورہے ہیں،پہلی بار ہم گڈو بیراج کی طرح سکھربیراج کےگیٹوں سے مینوئل ختم کرکے مشینری سسٹم لگارہے ہیں۔
وزیرآبپاشی کامزید کہنا تھا کہ سکھر بیراج کا منصوبہ 2023 میں شروع ہوا تھا، جو چار سال تک چلے گا،سکھر بیراج پر 74 بلین روپے کی لاگت کا مرمتی کام چل رہا ہے،سکھر بیراج کی دروازوں سے لیکر مکمل مرمت کروائی جائے گی، سندھ حکومت اور ورلڈ بینک کے تعاون سے کام چل رہا ہے،سندھ کی معیشت اور روزگار کا دارومدارسکھر بیراج سے منسلک ہے،سکھر بیراج ایک ہی وقت 76 لاکھ ایکڑ زمین آباد کرتا ہے،سندھ کے لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ سکھر بیراج ہماری لائف لائن ہے،بیراج پر جو کام چل رہاہے اس پرکوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔وزیر آبپاشی جام خان شورو کے دورہ کے دوران سیکریٹری آبپاشی اور دیگر افسران بھی بھی موجود تھے۔