سرگودھا؛ ڈپٹی کمشنر کا گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین فاروق کالونی کا دورہ

37

سرگودھا،07 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان  نے منگل کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین فاروق کالونی کا دورہ کیا ۔انہوں نے  وہاں قائم  انٹرمیڈیٹ کے  امتحانی سنٹر میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈی سی نے کالج انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے تاکید کی کہ امتحان میں ناجائز ذرائع استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور امتحان کی شفافیت کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ امتحانی نظام کو شفاف بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔

قبل ازیں انہوں نے کالج میں قائم ڈے کیر سنٹر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویمن ڈے کیئر سنٹرز کا قیام ملازمت پیشہ خواتین کے لئے نہایت بہتر اقدام ہے،جہاں ملازمت پیشہ خواتین کے بچوں کے لئے گھر جیسی بہتر نگہداشت کا ماحول مہیا کیا جا رہا ہے تاکہ وہ دلجمعی سے قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

 ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے اور ہر سطح پر خواتین کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے ڈے کیئر سنٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اسے احسن انداز میں چلائیں تاکہ جن مقاصد کے لیے قائم کیا گیا ہے وہ حاصل ہو سکیں۔

 ڈائریکٹر کالجز نے کہا کہ ڈے کیئر کی تعمیر خواتین اساتذہ کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پایہ تکمیل تک پہنچا ۔ اس کی تعمیر پر 15 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔ سنٹر پر بچوں کو تعلیم و تربیت کے لیے آیا اور اساتذہ کی خدمات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ  اور میزبان پرنسپل سمیت اساتذہ اور طالبات بھی موجود تھیں.