سکھر؛ آئی بی اے یونیورسٹی اور ہینن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی چین کے درمیان تعلیمی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

35

سکھر،09مئی (اے پی پی): سکھر آئی بی اے یونیورسٹی نے ہینن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، چین کے ساتھ تعلیمی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، آئی بی اے یونیورسٹی میں منعقدہ ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں دونوں اداروں کے آفیشلز نے شرکت کی جن میں آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ اور ہینن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی چین کے وائس چانسلر پروفیسر لی ہوان فینگ شامل تھے۔

ایم او یو کی شرائط کے مطابق آئی بی اے یونیورسٹی اور ہینن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، چین سالانہ دس دن کے تبادلے کے لیے تین فیکلٹی/اسٹاف ممبران اور ایک سمسٹر طویل ایکسچینج پروگرام کے لیے 6 طلبہ کو نامزد کرے گا۔

شراکت داری کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے، پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا  کہ  اس تعاون کا بنیادی مقصد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے طلباءاور فیکلٹی کو بین الاقوامی سطح پر ایکسپوزر فراہم کرنا ہے، اس طرح عالمی تناظر میں ان کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کو بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری تعلیمی فضیلت اور بین الثقافتی تفہیم کو فروغ دینے کے لیے دونوں یونیورسٹیوں کے عزم کو واضح کرتی ہے۔

ہینان یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر لی ہوان فینگ نے کہا کہ اس مفاہمت نامے پر دستخط ایک متحرک بین الاقوامی تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کے لیے ہماری لگن کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایم او یو بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے، تعلیمی تجربات کو تقویت دینے، اور ہمارے طلباءاور فیکلٹی کے یکساں فائدے کے لیے تحقیقی اقدامات کو آگے بڑھانے کے ہمارے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔