ساہیوال،14 مئی(اے پی پی):مڈھالی روڈ کی کارپٹنگ اور فتح شیر روڈ پر ٹف ٹائل لگانے کا کام 30 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ علامہ اقبال روڈ اور ہائی سٹریٹ پر ٹف ٹائل اور سٹریٹ لائٹس لگانے کا کام بھی جاری ہے۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے علامہ اقبال روڈ، ہائی سٹریٹ اور فتح شیر روڈ پر ٹف ٹائل اور سٹریٹ لائٹس لگانے کے کام میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان کو گورنمنٹ کالج اور ننگل انبیاء ہائی سکول نمبر1کے سربراہان سے ملاقات کرکے دونوں اداروں کے گیٹ متبادل جگہ پر لگانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مڈھالی روڈ پر تجاوزات کو روزانہ کی بنیادپر ہٹایا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمداور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔