سرگودھا،14 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے کہا ہے کہ امن وسلامتی کاقیام ہم سب کی زمہ داری ہے، اتحاد بین المسلمین کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،حکومت و انتظامیہ کے ساتھ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام، مذہبی راہنماوں اور عوام الناس پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ متحد ہو کر امن وسلامتی کے دشمنوں کے تمام ناپاک عزائم اور مذموم ارادوں کو خاک میں ملادیں ۔
ان خیالات اظہار انہوں نے ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے ہمراہ کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے تعارفی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سرگودھا ایک پر امن ضلع ہے ، تمام مکاتب فکر کے افراد میں مثالی اتحاد و اتفاق ہے، جس کا سہرا امن کمیٹی کے ممبران کے سر ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر بھی انتہائی خوش آئند ہے کہ پائیدار امن کیلئے تمام مسالک کے علماءکرام آپس میں متفق ومتحد ہیں اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمہ تن سرگرم عمل ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کےامن کو برقرار رکھنے میں علماءکرام ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مابین مضبوط باہمی رابطے بے حد ضروری ہیں جس میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے ۔
ڈی پی او نے کہاکہ مذہبی ہم آہنگی اتحاد واتفاق کا ماحول برقرار رکھنے میں تمام مسالک کے علماءکرام کی خدمات مثالی ہیں ،جنہوں نے ہمیشہ امن اور ملکی سلامتی کو مقدم رکھا ۔ علماءکرام بردباری اورمذہبی رواداری کاپیغام سماج میں نچلی سطح تک پہنچائیں تاکہ اتحاد واتفاق کی فضا قائم رہے ۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی شرانگیزی ‘فرقہ واریت او رمذہبی منافرت کو ہر گز برداشت نہیں کیاجائیگا ۔
اجلاس میں شرکت ممبران امن کمیٹی کا کہنا تھا کہ تمام علماءکرام اور انتظامی ادارے امن کے قیام کیلئے ایک پیج پر ہیں کیونکہ اسلام وملک دشمن عناصر ہمارے اتحاد میں رخنہ اندازی کر کے بدامن پھلانے کی کوشش کرسکتے ہیں ،جسے ناکام بنانے کیلئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس ہے ۔
اجلاس کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی وخوشحالی ،اتحاد واتفاق، امن وامان کی سلامی اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی عمر فاروق سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔