نمبردار اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک رہیں؛ ڈپٹی کمشنر علی اکبر

43

 

دریاخان،14 مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ ضلع کے نمبردار حضرات عوام الناس میں حکومتی نمائندہ کا کردار ادا کرتے ہیں، متعلقہ نمبردار اپنے علاقے کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گاؤں کی سطح پر قائم کردہ کمیٹی کی مشاورت سے عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک رہیں۔

یہ بات انہوں نے تحصیل دریا اور تحصیل کلورکوٹ میں الگ الگ نمبردار کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے نمبرداروں کو حکومتی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں اپنے فرائض کی بجاآوری کامل انداز میں سر انجام دینے کی تاکید کی ۔انہوں  نے کہا کہ حکومت پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام اور ریونیو وصولی کے تعین کردہ اہداف کی سو فیصد تکمیل یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن وسائل سے بھرپور استفادہ کریں۔انہوں نے نمبرداروں کے مسائل سنے اور انکے پیش کردہ مسائل کو بلاتاخیر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کا کہنا تھا کہ نمبردار اپنے سونپے گئے ٹاسک مکمل کریں اور عوام الناس کو ریلیف کی فراہمی میں ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کریں۔

اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو ظفرحسن نقوی ،اسسسٹنٹ کمشنر ذیشان شریف قیصرانی اور اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار علی خان بھی موجود تھے۔