کوئٹہ،03جون (اے پی پی): گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے یونیورسٹی آف بلوچستان کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرظہور احمد بازئی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جامعہ کے رجسٹرارمحمد طارق جوگیزئی، پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد عالم خان ترین اور جامعہ کے دیگر اساتذہ و افیسران بھی موجود تھے۔
گورنرو چانسلر جامعہ بلوچستان کو جامعہ بلوچستان کے تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں، مستقبل کے منصوبوں، مالی معاملات اور موجودہ درپیش مسائل کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ جامعہ بلوچستان صوبے کا مادر علمی اور ملکی سطح کی قدیم درسگاہوں میں شمار ہوتا ہے، جو پانچ دہائیوں سے علم و تحقیق کو پروان چڑھانے کے لئے کوشاں ہے اور صوبے کے دور دراز علاقوں کے ہزاروں طلباءوطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع مہیا کررہی ہے، صوبے کے مختلف علاقوں کے سب کیمپسز کے زریعے اعلیٰ تعلیم کو پروان چڑھائی جارہی ہے۔
گورنر بلوچستان نے جامعہ کے تعلیمی کاوشوں اور صوبے میں اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مالی و دیگر معاملات کو بہتر بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور تمام معاملات و وجوعات کا جائزہ لیا جائے گا اور ہرممکن اقدامات کو یقینی بناکر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مسائل کا مستقبل حل نکالا جائے گا۔











