اسلام آباد،03 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے نجکاری/چیئرمین نجکاری کمیشن عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کا 219 واں اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا جس میں اسکروٹنی/تجزیے کے نتائج کی روشنی میں پری کوالیفکیشن کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے لیے آٹھ (08) دلچسپی رکھنے والی کمپنیز/کنسورشیمزکی جانب سے جمع کرائی گئی اہلیت کی دستاویزات (SOQs) پر بورڈ نے تفصیلی غور و خوض کے بعد اور RSOQ میں طے شدہ تکنیکی، مالیاتی اور دستاویزی ضروریات سمیت معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے، چھ (06) دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں/کنسورشیمز کو پری کوالیفائی کرنے کا فیصلہ کیا، RSOQ کے تحت کنسورشیم میں نئے اراکین (LEAD نہیں) کو پرائیویٹائزیشن کمیشن کی اجازت سے، بولی جمع کرانے کی تاریخ سے 15 دن پہلے شامل کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ کنسورشیم اور کنسورشیم کا مجوزہ نیا رکن RSOQ کی ضروریات کو پورا کرے۔ پری کوالیفائیڈ دلچسپی رکھنے والی پارٹیوں کو بولی لگانے کے عمل کے اگلے مرحلے میں مدعو کیا جائے گا جس میں خریداری کے لیے ڈیو ڈیلیجنس شروع کی جا سکے گی ۔
اس سے قبل، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے لیے اظہارِ دلچسپی کے اشتہارات کے جواب میں، جو کہ 2 اور 3 اپریل 2024 کو معروف قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں شائع کیا گیا تھا، آٹھ (08) دلچسپی رکھنے والی جماعتوں کی جانب سے نجکاری کمیشن کو اہلیت کا بیانیہ آخری تاریخ یعنی 17 مئی 2024 تک موصول ہوا تھا۔











