لاہور، 5 جون (اے پی پی): سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تحفظ ماحول کے عالمی دن پر محکمہ تحفظ ماحول کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس کے موقع پر پلاسٹک بین کرنے کا اعلان کیا۔
انھوں نے کہا کہ جس دن سے مریم نواز شریف کی حکومت برسراقتدارآئی ،ہم نے اسی دن سے سموگ اورآلودگی کے خاتمے کے لیے کام کا اغاز کردیا تھا۔ وزیراعلیٰ کا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اینڈ ٹو اینڈ پراجیکٹ پنجاب میں پہلی دفعہ لارہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت ملٹی سیکٹورل انسداد سموگ ایکشن پلان پر گراس روٹ لیول پر بھرپورکام کیاجارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، زراعت،انرجی اوردیگر تمام متعلقہ شعبوں میں ہرقسم کی آلودگی کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ٹرانسپورٹ وہیکلز آرڈیننس میں ترمیم کرکےگاڑیوں کی فٹنس سرٹیفیکیشن ہوگی،فصلوں کی باقیات کو آگ سے روکنے کے لیےکسانوں کو 60 فیصد سبسڈی پرماحول دوست ایگری مشینیں دی گئی ہیں۔ سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پلاسٹک، بھی ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کاباعث ہے،اس لیے آج سے عوام کی صحت وزندگی کے لیے اسے بند کیاجارہا ہے۔ اب 75 مائیکرون سے کم موٹائی والے شاپنگ بیگز پر پابندی ہے اورسنگل یوز پلاسٹک بھی بین کیاجاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کا اطلاق پنجاب کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں کروانے کے پابند ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاریاں ،جرمانے اور سزائیں ہونگیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پلاسٹک موت ہے پرباقاعدہ عوام الناس کے لیے آگاہی مہم کا بھی آج سے آغاز کیاجارہا ہے۔عوام پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں اور متبادل ذرائع پر شفٹ ہوں۔
انھوں نے کہا کہ ای بسسز لارہے ہیں،زیرو انٹرسٹ پرای بائیکس دی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس وقت پی اینڈڈی کوئی پراجیکٹ ماحولیاتی تقاضوں اور شجرکاری کے لیے 1فیصد بجٹ رکھے بغیرمنظور نہیں کررہا۔
مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک کے بغیربھی ہم کبھی صحتمند زندگیاں گزار رہے تھے شاپنگ بیگز کی جگہ کپڑے کے تھیلوں کے استعمال کو دوبارہ رواج دیں۔ جس فضا میں لاہور کے لوگ سانس لے رہے ہیں وہ زہر ہے اور زہرموت ہے خدارا اپنے رویے، عادتیں اور مائنڈ سیٹ بدلیں،پلاسٹک کا استعمال ختم کریں اور حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دیں۔ پ
سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرکاری خریداریاں کرتے وقت ماحول دوست مصنوعات کو ترجیح دی جاۓ، بجٹ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا سولرپروگرام گھرگھرپہنچے گا۔











