صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت سرکاری ہسپتالوں کی عمارات کی فٹنس، فائر سیفٹی ڈرلز، ایئر کنڈیشنرز کی فنکشننگ سے متعلق جائزہ اجلاس

19

 

لاہور۔16 جون(اے پی پی): صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سرکاری ہسپتالوں کی عمارات کی فٹنس، فائر سیفٹی ڈرلز، فائر ایکسٹنگوشیئر سسٹم، سموک ڈیٹیکٹر، الیکٹریکل انسٹالیشنز فٹنس، ایئر کنڈیشنرز کی فنکشننگ، و دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے بجٹ 2024-25 میں صحت کے شعبہ پر خاص توجہ دی ہے۔ ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں تعطل برداشت نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں ایم ایس کی تعیناتی لاکھوں روپوں کی رشوت کے ساتھ کی جاتی تھی۔ ہم نے سو فیصد میرٹ پر ایم ایس اور پرنسپلز کی تعیناتی کی ہے۔ چلڈرن ہسپتال، ساہیوال میڈیکل کالج، نشتر ٹو اور خانیوال کے ہسپتالوں میں افسوس ناک واقعات ہوئے ہیں۔ ہم بطور عوامی نمائندے اور انسان کے اللہ تعالیٰ کو جواب دہ ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈاکٹرز ہماری عزت اور وقار ہیں۔ محکمہ صحت بے مقصد ہڑتال کرنے والوں کے ساتھ نہیں کھڑا۔ اس وقت ہم حالت جنگ میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف جلد ہیلتھ پروفیشنلز کے ساتھ ملاقات کریں گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ہی اس نظام صحت کو بہتر کرنا ہے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ہیلتھ پروفیشنل اپنے مریض کا نقصان نہیں چاہتا۔ ساہیوال واقعہ میں سی ایم صاحبہ کے سامنے حق اور سچ کی بات کی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آج ہم یہاں سب نظام صحت کی بہتری کیلئے بیٹھے ہیں۔ بلیک میل کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ تماشا لگانے والے کامیاب نہیں ہوں گے بلکہ ٹیبل ٹاک کے زریعے معاملات حل ہوتے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ نظام صحت میں چیک اینڈ بیلنس رکھیں گے۔ نظام صحت میں بہتری ہڑتالوں سے نہیں بلکہ کام کرنے سے آئے گی۔ اراکین اسمبلی کو بھی سرکاری ہسپتالوں کی معاونت کیلئے ٹاسک دیں گے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کرپٹ مافیا سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ معصوم بچوں کی ہلاکتوں کے واقعہ پر مٹی نہیں ڈال سکتے۔ ہم برین سٹارمنگ کر کے نظام صحت کی بہتری کیلئے لائن آف ایکشن بنائیں گے۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر محمد یونس، خضر افضال، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ، پروفیسر عمران وحید، ڈاکٹر زاہد پرویز، احمر خان اور ویڈیو لنک کانفرنس کے ذریعے تمام دیگر وائس چانسلر، پرنسپلز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔