اسلام آباد17 جون (اے پی پی): ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں میں بھی عید الاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ ملک بھر کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے ۔ اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا ۔ نماز عید کے اجتماعات میں علماکرام نے حضرت ابراہیم اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے پر روشنی ڈالی جس کے بعد امت مسلمہ کے اتحاد و یک جہتی، ترقی وخوشحالی بالخصوص ملک کی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے بعد لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی دے رہے ہیں جس کے بعد غربا ، مساکین اور عزیز و اقارب میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جا رہا ہے۔
شہر بھر کی صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے شہر بھر سے آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے کام میں مصروف عمل رہے اور الائشیں جمع کر کے ان کو مقررہ پوائنٹس پر ڈمپ کیا گیا تا کہ صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔