لاہور، 21 جون (اے پی پی): مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے۔ پردھان پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی رمیش سنگھ اروڑہ نے واہگہ بارڈر پر سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہا۔
ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز سیف اللہ کھوکھر اور دیگر بھی ان ہمراہ موجود تھے۔ سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور و دیگر کمیٹی ممبران بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔
سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام طعام، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ سکھ یاتریوں امیگریشن اور کسٹمز کی ضروریات سے فراغت کے بعد اسپیشل بسوں کے ذریعے گور دوارہ پنجہ صاحب روانہ ہونگے۔
انھوں نے بتایا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی مرکزی تقریب 29 جون کو گور دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں منعقد ہو گی۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کو پاکستان بالخصوص پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
سکھ کمیونٹی کے لیے پاکستان انکا دوسرا گھر ہے۔ رمیش سنگھ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات یقینی بنا رہے ہیں۔











