گلگت :نیشنل دو روزہ چیری فیسٹیول راکاپوشی ویو پائنٹ ضلع نگر میں شروع ہوگیا

63

گلگت ۔21جون  (اے پی پی):تیسرا نیشنل دو روزہ چیری فیسٹیول راکاپوشی ویو پوائنٹ ضلع نگر میں شروع ہوگیا۔اس فیسٹیول کا انعقادضلع نگر محکمہ ایگریکلچر اور ضلعی انتظامیہ نے ڈبلیو ڈبلیو ایف اور اے کے آر ایس پی کے تعاون سے کیا گیاہے ۔ فیسٹیول میں مقامی چیری کے   کاشتکاروں نے  مختلف اقسام کی چیری کے سٹال لگائے۔اس دوران ملک بھر سے  آنے والے سیاحوں نے مختلف چیری سٹالز کا دورہ کیا اور بھرپور دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خریداری بھی کی۔

  اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع نگر عطاء الرحمٰن کاکڑ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول کے انعقاد کا بنیادی مقصد ضلع نگر کی ذائقہ دار چیری کو پوری دنیا میں متعارف کروانا ہے۔ اس وقت ضلع نگر  سالانہ 20 لاکھ کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چیری پیدا کرتا ہے جس سے یہاں کے کاشت کار اور تاجر سالانہ کروڑوں روپے کماتے ہیں۔اس موقع پر محکمہ ایگریکلچر ضلع نگر کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام عباس نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس سال اب تک چیری کے دو کنٹینرز چائنا ایکسپورٹ کئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا اس فیسٹیول کے انعقاد سے مقامی تاجروں کو یہاں کی اعلیٰ کوالٹی کی چیری کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے میں کافی مدد ملی ہے۔