سکھر: بیراج کے گیٹ کو نقصان پہنچنے کا معاملہ،بیراج سے نکلنے والے کینالز میں پانی کی فراہمی بند کر دی گئی

26

سکھر۔22جون(اے پی پی)؛سکھر بیراج کے گیٹ 44 اور 47 کو نقصان پہنچنے کا معاملہ، وزیر آبپاشی اور سیکریٹری سکھر پہنچ گئے ، بیراج کا دورہ کیا ، گیٹس کی بحالی تک سکھر بیراج سے نکلنے والے کینالز میں پانی کی فراہمی بند کر دی گئی، وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو اور سیکریٹری آبپاشی ظریف احمد کھیڑو سکھر پہنچے۔ انہوں نے سکھر بیراج کا دورہ کیا، بیراج کے گیٹوں کو ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا، آبپاشی حکام اور سکھر بیراج کے افسران نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر جام خان شورو کا کہنا تھا کہ بیراج کے گیٹ کو نقصان پہنچے کی وجہ سے پانی ڈاون اسٹریم میں ریلیز کیاجارہا ہے اور گیٹوں کے مرمتی کام کی وجہ سے لیفٹ بنک اوررائٹ بنک کینال کو فی الحال پانی کی فراہمی نہیں ہوسکے گی،گیٹ 44 اور 47 کے مرمتی کام کی وجہ سے کسانوں اور عوام سے معذرت خواہ ہیں، ایس او پی کے تحت متاثرہ گیٹ پر پانی کا دباو نہ ہو اسی لیے پانی ڈاون اسٹریم میں چھوڑا ہے، گیٹ کھول دئے گئے تھے تاکہ بیراج کے ڈھانچے کو کوئی نقصان نہ پہنچے، متبادل گیٹ لگانے کے لیے کوشش کررہے ہیں کہ پانی کی سطح جلدی کم ہو، ایک کسان گیٹ موجود ہے، ایک پرانے کسان گیٹ کو نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر میئر ،ایم ڈی سیڈا، ایم ڈی سوات، چیف انجینئر، روہڑی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔