اسلام آباد 23 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہمارا آئین اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیتا ہے یہ ملک کسی ایک اکثریت کا نہیں بلکہ سارے پاکستانیوں کا ہے چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں، اس ملک میں اقلیتیوں کے رہنے کا اتنا ہی حق ہے جتنا مسلمانوں کا حق ہے۔
آ ج قومی اسمبلی میں سوات اور سرگودھا کے واقعات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کا معاملہ کوئی سیاسی ایشو نہیں ہے اس لیے اس پر ایوان میں اتفاق رائے ہونا چاہیے یہ واقعات ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آئین اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ مذہب کے نام کو استعمال کرتے ہوئے بے گناہوں کا خون بہایاجائے۔ایوان اس بات پر متحدہ موقف کا اظہار کریں تاکہ پورے پاکستان میں پاکستان کی قومی اسمبلی سے یہ پیغام جائے کہ اس معاملے پر ملک کی پارلیمنٹ متحد ہے اور اپنے اقلیتی بھائیوں کا تحفظ چاہتی ہے۔











