خانیوال،14 جولائی (اے پی پی ):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور علامہ محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ملک سے محبت ایمان کا حصہ ہے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
محرم الحرام میں قیام امن، اتحاد بین المسلمین و بین المسالک ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کے فروغ کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام منعقدہ ہونے والی اتحاد بین المسلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ممبر و محراب، امن کمیٹیوں،تمام مسالک کے علماء اکرام، مشائخ عزام، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور میڈیا نے امن و امان کے قیام میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں کہا گیا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں مت پڑو، ملک کو اندرونی اور برونی خطرات سے محفوظ رکھنے اور محرم الحرام کے موقع پر محبت اور بھائی چارے کو فروغ دے کر امن و امان قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
کانفرنس سے علماء اکرام، مشائخ عزام اور امن کمیٹی کے ممبران نے بھی خطاب کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک ، امن کمیٹی، سول سوسائٹی اور میڈیا کے کردار کو سراہا۔ کانفرنس کے اختتام پر مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے ملک کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی۔