قصور،22جولائی (اے پی پی):سینئرصوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے قصور کے نواحی گائوں حویلی پٹھانوالی کا دورہ کیا۔سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے قصور میں اینٹیں بنانے والے بھٹہ جات کا دورہ کیا او ر زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ناہونے اور زہریلے دھویں چھوڑنے والے بھٹوں کو مسمار کروادیا۔
اس موقع پر سینئرصوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کسی بھٹے کو نہیں چلنے دیں گے، ماحول کو آلودہ اور سموگ پھیلانے والے بھٹے بند ہونگے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق سموگ کا سبب بننے والی ہر فیکٹری اور بھٹوں کو بند کردیا جائے گا،وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کو خوبصورت،صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک صوبہ بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ زیگ زیگ والے بھٹوں میں چھوٹا کوئلہ استعمال ہوتا ہے جبکہ لوگ گندے کپڑے، جوتے اور نائیلون استعمال کرتے ہیں جو کہ غیر قانونی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنی موجودگی میں قصور کے نواحی گاوں حویلی پٹھانوالی میں کرین کی مدد سے بھٹے کو مسمار کروادیا۔حویلی پٹھانوالی میں بھٹے پر غیر قانونی ایندھن استعمال ہورہا تھا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجودتھی۔
اس موقع پرمریم اورنگزیب کے ہمراہ ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ، سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر احمد اور ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی بھی موجود تھے۔