قصور،4اگست (اے پی پی): سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کی قربانیوں کوکبھی بھی فراموش نہیں کرسکتی اورشہداء کی فیملیزکو کبھی بھی تنہاء نہیں چھوڑا جائے گا،شہداء ہمارے ماتھے کا جھومرہیں،قصور پولیس نے دہشت گردوں، امن دشمنوں کے خلاف لڑنے پر سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں،زندہ قومیں ہمارے مستقبل کیلئے خود کو قربان کرنے والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی پی ایس آڈیٹوریم ہال میں یوم شہداء پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ اگلے ہفتے پنجاب اسمبلی میں اجلاس طلب کیاجارہاہے جس میں ان شہداء کی فیملیزکو بلوایاجائے گا اورشہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیساتھ ساتھ اعزازات سے نوازاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ کیپٹن مبین کس طرح عوامی نمائندوں کی جان کی حفاظت کرتے خود شہید ہوگئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں میں کس طرح ان شہداء کی تعریف کروں،شہداء کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیاجائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ بائی پاس چوک قصورکو شہداء پولیس چوک سے منسوب کیاجائے گا۔
سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمداحمدخاں نے کہا کہ ڈی پی اوقصور ضلع بھرمیں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں مزیدتیز کرے ،میری پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) قصورکے ایم پی ایزحاجی نعیم صفدر انصاری‘ چوہدری الیاس خاں‘ احسن رضاخاں‘آرپی او شیخوپورہ ریجن محمداسماعیل اطہر،ڈپٹی کمشنرقصور،ڈی پی اوقصور محمدعیسیٰ خاں، ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران،تاجر،سول سوسائٹی،وکلاء، صحافیوں اور شہداء کی فیملیزبھی موجودتھے۔ تقریب کے آخرپر شہداء کی فیملیزکے بچوں میں انعامات وتحائف بھی تقسیم کئے گئے۔