اوکاڑہ،05 اگست(اے پی پی): ممبرقومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان کی زیر قیادت یوم استحصال کشمیر کے سلسلہ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کا آغاز سائرن بجا کرکیا گیا اور ایک منٹ خاموشی اختیار کی گئی۔
اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں نعرے بھی لگائے۔بھارت نے نہتے کشمیریوں کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں۔
ممبرقومی اسمبلی چوہدری ندیم عباس ربیرہ نے کہا 5اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اقدام کے ذریعے کشمیریوں کے انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر تمام عالم اسلام سراپہ احتجاج ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،بہت جلد کشمیری بہن، بھائیوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔ کشمیر کے افق پر آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔
شرکا ءنے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سید جمیل حیدر شاہ کی قیادت میں میونسپل کمیٹی سے بھی ریلی نکالی گئی۔











