لاہور؛ 14 مارچ(اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹریز آسیہ گل، ارشد بیگ نے اجلاس میں شرکت کی۔ لاہور اور بہاولپور کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ دیگر تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کے سی ای اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر بلدیات پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک صوبہ بھر میں 15 لاکھ ٹن سے زائد ویسٹ اٹھایا جا چکا ہے، تین ماہ میں 13 ہزار 246 شکایات موصول ہوئیں جن پر 24 گھنٹوں کے اندر ایکشن لیا گیا۔
ذیشان رفیق نے کہا کہ اب تک 212 عارضی کولیکشن پوائنٹس اور 903 ویسٹ انکلوژرز بن چکے ہیں، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت 15 ہزار 742 گاڑیاں کام کر رہی ہیں اور صوبہ بھر میں ایک لاکھ 45 ہزار آلات صفائی کے لئے استعمال ہو رہے ہیں۔
وزیر بلدیات نے گوجرانوالہ اور ڈی جی خان میں کنٹینرز کی تعداد کم ہونے پر نوٹس لیا اور دونوں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو جلد کنٹینرز پورے کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سی ای اوز دفاتر میں نہ بیٹھے رہیں بلکہ فیلڈ کے روزانہ دورے کریں۔
انھوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی مانیٹرنگ کا ڈیٹا بروقت اپ لوڈ نہ کرنے پر کارروائی کریں گے، ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا ستھرا پنجاب پروگرام مکمل ڈیجیٹل ہے، ذیشان رفیق نے ہدایت دی کہ پی آئی ٹی بی کے تعاون سے ڈیٹا چیلنجز کا حل نکالا جائے اور عارضی کولیکشن پوائنٹس سے ہفتے میں کم از کم دو دفعہ کوڑا اٹھایا جائے، ذیشان رفیق نے کہا کہ کنٹریکٹرز کی استعداد کار میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔