قصور،29مارچ (اے پی پی): ایشیاء کے عظیم صوفی شاعرحضرت سید بابابلھے شاہ ؒ کی نگری قصورشہر کی بے شمار سوغاتیں دنیابھرمیں مشہورہیں جن میں قصوری فالودہ، قصوری مچھلی ودیگر سوغاتیں ہیں جن کو دنیابھرمیں پسندکیاجاتاہے۔
قصوری کُھسے اورجوتے پائیداری اورخوبصورتی کے لحاظ سے بھی دنیابھرمیں مشہورہیں۔عیدالفطر کی آمدکے ساتھ ہی قصوری کُھسے اورجوتوں کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوجاتاہے۔خوبصورت اوردیدہ زیب کُھسوں اورجوتوں کا انتخاب ایک مشکل عمل ہے لیکن قصوری کُھسے اورجوتے خواتین ومرد دونوں کی اولین پسندہے، کاریگروں کی مہارت قصوری کھسے کو منفردبناتی ہے۔
تاریخی لحاظ سے قصوری کُھسہ 100سالہ پرانی ثقافت ہے،قصوری کُھسہ پنجاب کی ثقافت ہے جسے پنجاب کے لوگ شوق سے پہنتے اورپسندکرتے ہیں۔
ایک شہری نے ”اے پی پی“کوبتایاکہ قصوری کُھسہ ورثے کے لحاظ سے اپنا ایک وجودرکھتاہے،تاریخی لحاظ سے قصوری کُھسہ 100سالہ پرانی ثقافت ہے،قصوری کُھسہ پنجاب کا کلچرہے جسے پنجاب کے لوگ شوق سے پہنتے اورپسندکرتے ہیں۔
قصوری کُھسہ اپنی ثقافت،کلچر اورپائیداری کے حوالے سے پوری دنیامیں مشہورہیں۔قصوری کُھسے کو دیہاتوں کے علاوہ شہرکے لوگ بھی بے حدپسندکرتے ہیں۔
قصوری کُھسے کو سکھ کمیونٹی بہت زیادہ پسند کرتی ہیں۔کراچی سے آئے شہری نے بتایاکہ قصوری کُھسے پورے پاکستان کی نسبت قصورمیں سستے داموں ملتے ہیں اورمیں جب بھی قصورآؤں تو اپنے لئے اوراپنی فیملی کیلئے قصوری کُھسے لے کر ضرورجاتاہوں۔شہری نے بتایا کہ عیدالفطرکیلئے میں نے اپنے لئے اور اپنے دونوں بچوں کیلئے قصوری کُھسے خریدے ہیں جوہمیں بہت زیادہ پسند آئے ہیں۔
اے پی پی/ ذوالفقاراشرف واہلہ