سرگودھا، 10 اپریل (اے پی پی):چیئرمین پنجاب ایگری کلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی احمد سعید ملک نے ڈائریکٹر جنرل پامراطارق بسراء کے ہمراہ غلہ منڈی سرگودھا کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صدر انجمنِ آڑھتیان ساجد حسین تارڑکے ہمراہ انجمنِ آڑھتیان غلہ منڈی دفتر میں شجر کاری مہم کے حوالے سے پودا بھی لگایا۔ انہوں نے ڈائریکٹر سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں،ملک شعیب اعوان، مرزا محمد الیاس بیگ، جنرل سیکرٹری آڑھتیان عامر رضااور انجمنِ رائس بروکرز ایسوسی ایشن غلہ منڈی سرگودھا کے صدر شیخ محمد اشرف، محمد یوسف عمر خیل ،ملک نعیم اللہ، ملک عصمت اللہ سمیت غلہ منڈی کے نمائندگان سے خصوصی ملاقات کی اور آڑھتیوں کے مسائل دریافت کیے۔ غلہ منڈی کی شہر سے باہر منتقلی بارے تفصیلی گفتگو کی اور اُسے آڑھتیوں کی مشاورت سے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ چیئرمین پنجاب ایگری کلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی احمد سعید ملک کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کسانوں اور کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور تاجروں کے ساتھ ملاقات کا مقصد بھی ان کے مسائل دریافت کرنا اور ان کو حل کرنا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پامراطارق بسراء نے کہا کہ سرگودھا غلہ منڈی میں جگہ کی کمی کے باعث اس کو آرھتیوں کی مشاورت کے ساتھ نئی جگہ شفٹ کیا جا ئے گا۔